ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سینئر صحافی ونود دُوا کا انتقال

سینئر صحافی ونود دُوا کا انتقال

Sat, 04 Dec 2021 20:44:04    S.O. News Service

نئی دہلی،4؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) ہندی صحافت میں ایک الگ شناخت رکھنے والے معروف و سینئر صحافی ونود دُوا کا آج یہاں اپولو ہسپتال میں انتقال ہوگیا۔ وہ 67 سال کے تھے۔ وہ کافی دنوں سے علیل چل رہے تھے۔ ان کی بیٹی اور اداکارہ ملیکا دُوا نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے ان کی موت کی تصدیق کی۔

ملیکا دُوا نے بتایا کہ ان کی آخری رسومات اتوار کو دوپہر 12 بجے لودھی شمشان گھر  میں ادا کی جائے گی۔ ملیکا نے انسٹاگرام پر لکھا ونود دُوا اب ہماری ماں اور اپنی پیاری بیوی چنا کے ساتھ جنت میں ہیں اور وہ ایک ساتھ گانا، کھانا پکانا اور سفر کرتے رہیں گے۔ ونود دُوا ہندی صحافت کا ایک جانا پہچانا چہرہ رہ چکے ہیں اور دور درشن اور این ڈی ٹی وی جیسے نیوز چینلز کے لیے خدمات انجام دے چکے ہیں۔

ونود دُوا اور ان کی اہلیہ کورونا وبا کی دوسری لہر میں متاثر ہو گئے تھے۔ دونوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ونود دُوا نے کورونا کو شکست دے دی تھی جبکہ ان کی اہلیہ کا انتقال 12 جون کو ہو گیا تھا۔

ونود دوا کو جگر میں انفیکشن کی وجہ سے چند روز قبل ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ وہ پانچ دنوں تک اپولو ہسپتال کے آئی سی یو میں داخل تھے، جہاں انہوں نے آخری سانس لی۔


Share: